عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں منگل کو کمی ریکارڈ کی گئی۔
عالمی میڈیا کے مطابق برینٹ فیوچرز 28 سینٹ یا 0.37 فیصد کم ہو کر 76.02 ڈالر فی بیرل رہے جبکہ یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل کی قیمت 33 سینٹ یا 0.45 فیصد کمی کے ساتھ 73.23 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔
عالمی منڈی میں کمی اس وقت سامنے آئی جب دونوں بینچ مارک گزشتہ ہفتے مسلسل پانچ دن تک بڑھنے کے بعد جمعہ کو اکتوبر کے بعد اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے تھے۔ اس اضافے کی جزوی وجہ چین کی معیشت کی بحالی کے لئے مزید مالی محرکات کی توقعات بھی تھیں۔
دوسری طرف ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے محصولات کی حد کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال کے باعث امریکی ڈالر کی قدر میں کمی آئی ہے، حالانکہ گزشتہ ہفتے یہ ڈالر دو سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکا تھا۔ مضبوط امریکی ڈالر دیگر کرنسیوں کے حاملین کے لیے تیل کو مہنگا بنا دیتا ہے۔
مجموعی طور پرغیر اوپیک ممالک سے تیل کی بڑھتی ہوئی مانگ اور چین سے کمزور مانگ کے پیش نظر توقع کی جا رہی ہے کہ آئندہ سال تیل کی منڈی میں فراہمی کا اچھا توازن برقرار رہے گا، جس کے نتیجے میں قیمتوں میں اضافے پر بھی ایک حد لگے گی۔