بجلی کے نرخوں میں کمی کیلئے حکومت کا اہم فیصلہ کرلیا۔
وفاقی حکومت نے بجلی کے نرخوں میں کمی کے لئے اقدامات تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں وزارت توانائی مختلف آپشنز پر کام کر رہی ہے۔
وزارت توانائی کے مطابق ابتدائی طور پر 5 آئی پی پیز (آزاد توانائی پیدا کرنے والی کمپنیاں) سے معاہدے ختم کیے جا چکے ہیں، جس سے مجموعی طور پر 411 ارب روپے کی بچت ہوگی اور ان معاہدوں کے خاتمے سے سالانہ بچت 70 ارب روپے تک متوقع ہے۔
علاوہ ازیں بگاس کے 8 پاور پلانٹس کے ٹیرف میں تبدیلی کی صورت میں اربوں کی بچت کا اندازہ لگایا گیا ہے۔ ان 8 پاور پلانٹس کے ریٹس میں تبدیلی سے 238 ارب روپے کی بچت ہو گی اور اس تبدیلی کی مد میں سالانہ 8 ارب 83 کروڑ روپے کی بچت کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ 16 آئی پی پیز کے نظر ثانی شدہ معاہدوں سے 481 ارب روپے کا فائدہ حاصل ہوگا۔ وزارت توانائی کے حکام کا کہنا ہے کہ ان معاہدوں کے خاتمے یا ان میں تبدیلی کا فائدہ صارفین تک پہنچایا جائے گا۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ بجلی کے بلوں پر ٹیکسز کا بوجھ کم کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے، تاکہ عوام کو مزید ریلیف مل سکے۔