میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شہر کے رجسٹرڈ قبرستانوں میں تدفین کے لیے سرکاری نرخ مقرر کر دیے۔
تفصیلات کے مطابق میئر کراچی نے اعلان کیا ہے کہ رجسٹرڈ قبرستانوں میں تدفین کے لیے 14,300 روپے کا نرخ مقرر کیا گیا ہے اور اس قیمت کو تمام رجسٹرڈ قبرستانوں میں بینرز کے ذریعے بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ قبرستانوں میں کام کرنے والوں کو مقررہ نرخ کے مطابق کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور اگر کسی شخص نے اس سے زائد رقم وصول کی تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت دی کہ وہ قبرستان میں تدفین کے لیے 14,300 روپے سے زائد رقم ادا نہ کریں اور اگر کسی شخص نے اضافی رقم وصول کی ہو تو وہ شکایت 1339 پر درج کرائیں۔
میئر کراچی نے یہ بھی کہا کہ قبروں کو مسمار کرنے والے مافیا کے خلاف فیصلہ کن کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی کو بھی کراچی میونسپل کارپوریشن (کے ایم سی) کی رجسٹریشن کے بغیر قبرستان میں کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔