قرض اتارنے کا انوکھا طریقہ،,پولیس نے چند گھنٹوں میں راز کھول دیا

قرض اتارنے کا انوکھا طریقہ،,پولیس نے چند گھنٹوں میں راز کھول دیا

بھارت کی ریاست گجرات کے شہر سورت میں ایک شخص نے اپنے بھاری قرضے اتارنے کے لیے ایسا منصوبہ بنایا جس نے پولیس کو بھی حیران کر دیا۔ شخص نے اپنے ہی اغوا کا جھوٹا ڈرامہ رچایا اور اہل خانہ سے 50 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کر دیا۔

واقعہ اس وقت سامنے آیا جب سورت کے علاقے اتران میں ایک خاتون نے پولیس اسٹیشن جا کر اپنے شوہر جِگنیش تلیا کے لاپتہ ہونے کی شکایت درج کرائی۔

یہ بھی پڑھیں :مٹی کی خوشبو کا جادو، بارش سے پہلے ہی انسان کیسے بھانپ لیتا ہے؟

شکایت کے کچھ ہی دیر بعد خاتون کو شوہر کے موبائل نمبر سے ایک دھمکی آمیز پیغام موصول ہوا، جس میں کہا گیا تھا کہ 50 لاکھ روپے اکاؤنٹ میں جمع کراؤ، ورنہ شوہر کی لاش ملے گی۔ پیغام میں پولیس کو اطلاع دینے پر سنگین نتائج کی دھمکی بھی دی گئی۔

اغوا کو حقیقی ظاہر کرنے کے لیے جِگنیش نے خود کو بندھا ہوا دکھانے والی تصاویر اور ویڈیوز بھی اہل خانہ کو بھیجیں، جس سے گھر والے واقعی خوفزدہ ہو گئے اور انہیں لگا کہ وہ خطرناک اغوا کاروں کے قبضے میں ہے۔

یہ بھی پڑھیں :نہ دریا، نہ ندی، پھر بھی کیسے پہنچی؟جیلی فش جس نے سب کو حیران کر دیا

پولیس نے معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے فوری تحقیقات شروع کر دیں۔ موبائل لوکیشن، سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر ذرائع سے معلومات حاصل کی گئیں تاکہ مبینہ اغوا کاروں تک پہنچا جا سکے۔

تحقیقات کے دوران پولیس کو اہم سراغ ملا اور موبائل لوکیشن کے ذریعے جِگنیش کو گودھرا کے ایک ہوٹل تک ٹریس کر لیا گیا۔ جب پولیس نے ہوٹل کے کمرے پر چھاپہ مارا تو وہ وہاں بالکل محفوظ حالت میں اکیلا موجود تھا۔

یہ بھی پڑھیں :طلبہ کے لیے امتحان گاہ میں اسنیکس اور چائے،منفرداقدام وائرل

تفتیش کے دوران جِگنیش نے اعتراف کیا کہ اغوا کی پوری کہانی جھوٹ پر مبنی تھی۔ اس نے بتایا کہ وہ شدید مالی مشکلات اور قرضوں میں گھرا ہوا تھا، اس لیے اس نے اپنے رشتہ داروں سے 50 لاکھ روپے حاصل کرنے کے لیے یہ منصوبہ بنایا تھا۔

پولیس نے اسے واپس سورت منتقل کر دیا ہے اور جھوٹا اغوا رچانے، خوف و ہراس پھیلانے اور حکام کو گمراہ کرنے پر اس کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

editor

Related Articles