لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا جبکہ دھند میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
لاہور، منچن آباد، بصیرپور اور دیگر شہروں میں بارش سے موسم سرد ہوگیا، قصور، ننکانہ صاحب، پتوکی، عارف والا، ساہیوال اور رینالہ خورد میں بھی بادل برس پڑے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح، رات کے اوقات میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔
ادھر شہر قائد میں سردی کی لہر جاری ہے جبکہ پیر سے درجہ حرارت مزید کم ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے، اگلے چند روز کے دوران شہرمیں موسم خشک اور راتیں سرد رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق شہر کی فضاؤں پر جزوی بادلوں کی وجہ سے درجہ حرارت میں معمولی اضافہ ریکارڈ ہوا ہے تاہم کل بھی کم سے کم درجہ حرارت 10سے 12ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے۔
پیشگوئی میں بتایا گیا ہے کہ پیر سے درجہ حرارت دوبارہ سنگل ڈیجیٹ تک گرنے کی توقع ہے اور کم سے کم پارہ 9ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوسکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کشمیر، مری، گلیات اور گردونواح میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کی توقع ہے۔
ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کے باعث پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی، کشمیر، مری، گلیات اور گردونواح میں مزید بارش کی توقع ہے۔
اس کے علاوہ آزاد کشمیر بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہے، تاؤ بٹ میں پارہ منفی 21، لہہ میں پارہ منفی 13، پاراچنار منفی 12، استور میں منفی 11 رہا، گوپس منفی 10، سکردو منفی 9، کالام منفی 7 اور ہنزہ میں منفی 6 ریکارڈ کیا گیا۔