سابق وزیراعظم اور عوام پاکستان پارٹی کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جہاں الیکشن چوری ہوگا وہاں سیاسی اور معاشی استحکام نہیں آئے گا، ہمیں آئین پاکستان پر عمل کرنا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے الحمرا لاہور میں دو روزہ میلے کے آخری روز منعقدہ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمارا سیاست دان ملک کا بادشاہ بننا چاہتا ہے جب کہ بانی پی ٹی آئی شہرت ان کی اپنی وجہ سے نہیں بلکہ باقی سیاسی جماعتوں کے ناکامی کے باعث ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ووٹ کو عزت دو کی بات کی، آج وہ آئین کی بات کرتا ہے اور لوگ ان کے ساتھ ہیں جب کہ بانی پی ٹی آئی جیل کے اندر ہوں یا باہر، یہ حکومت چلنے والی نہیں کیوں کہ حکومت میں کوئی مینڈیٹ نہیں اس لیے وہ نہیں چل سکتی۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس لیے ان باتوں کو چھوڑیں اور اپنے مسائل پر توجہ دیں کیوں کہ مسائل اتنے بڑے ہیں اگر آپ عمران خان، نواز شریف یا زرداری کو ہر چیز دے دیں یہ کام نہیں کرسکتے اور یہی آج ملک کی حقیقت ہے۔
تقریب کے دوران 26ویں آئینی ترمیم کے ملک پر اثرات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ماہرین قانون اور تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری سلمان اکرم راجا نے کہا کہ اس سے شہری آزادی ختم ہوچکی ہے معاشرے میں ہونے والے ظلم کے خلاف عوام کو کھڑا ہونا پڑے گا۔