پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماء منظور وسان نے تازہ پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان اپنے مطالبات سے آہستہ آہستہ پیچھے ہٹیں گے اور ریلیف حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔
منظور وسان نے کہا کہ اگرعمران خان کے حق میں عالمی سطح پر کسی شخصیت جیسے ڈونلڈ ٹرمپ نے کچھ کہا توہم ان کو’ایبسلوٹلی ناٹ ‘کہے گی۔ بین الاقوامی حالات بدل چکے ہیں اور اب کوئی بھی کسی کے پریشر میں نہیں آئے گا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کے مطالبات کسی بھی صورت میں قبول نہیں کیے جائیں گے، پی ٹی آئی مختلف گروپس میں تقسیم ہوتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ عمران خان نے جو مطالبات پہلے کیے تھے، وہ اب ان سے پیچھے ہٹ جائیں گے اور پارٹی کی پوزیشن کم ہوتی نظر آ رہی ہے۔
انہوں نے 2025 کو ایک خطرناک اور مختلف سال قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سال کئی انوکھے واقعات پیش آئیں گے۔ پی ٹی آئی میں مزید گروپ بندی ہو سکتی ہے اور عمران خان کی پوزیشن میں کمزوری آئیگی۔ گزشتہ سال عمران خان کا جو سیاسی دباؤ تھا، وہ نئے سال میں نظر نہیں آ رہا اور مستقبل میں پی ٹی آئی کے اندر مزید تقسیم کے امکانات ہیں۔