سعودی سول ایوی ایشن نے حج 2025 کے فلائٹ آپریشن کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ حج پروازوں کا آغاز 29 اپریل 2025 (یکم ذی القعدہ 1446 ہجری) سے ہوگا، جبکہ حجاج کی وطن واپسی کا عمل 13 ذی الحجہ سے شروع ہو کر 11 جولائی (15 محرم 1447 ہجری) تک مکمل ہوگا۔
الوطن اخبار کے مطابق حج پروازوں کی رجسٹریشن کا عمل 3 ربیع الثانی سے شروع ہو چکا ہے اور یہ 30 شوال تک جاری رہے گا۔ اس دوران تمام فلائٹوں کے پروگرام کی حتمی تفصیلات جاری کی جائیں گی اور تمام فضائی کمپنیاں سختی سے مقررہ شیڈول کی پابند ہوں گی۔ رواں سال پاکستان سے 1,79,210 عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ ان کی سہولت کے لیے خصوصی موبائل ایپ متعارف کرائی گئی ہے، جس کے ذریعے فلائٹ شیڈول، رہائش، حج مقامات کے لائیو نقشے اور دیگر اہم معلومات دستیاب ہوں گی۔
سعودی سول ایوی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ شیڈول کی خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی تاکہ حج آپریشن کو کامیابی سے مکمل کیا جا سکے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حج معاہدے کے تحت عازمین کو بہترین سفری اور رہائشی سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے تاکہ حج 2025 ایک یادگار اور خوشگوار تجربہ بن سکے۔