اسلام آباد: پاکستانی فوج نے بھارتی آرمی چیف کے حالیہ بیان پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو دہشت گردی کا مرکز قرار دینا بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہے۔
پاک فوج کے ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق، بھارتی آرمی چیف کے بیانات صرف مردہ گھوڑے میں جان ڈالنے کی ایک کوشش ہیں اور پاکستان پر ریاستی سرپرستی کے الزامات بھارت کی دوغلی پالیسی کا واضح ثبوت ہیں۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ بھارتی آرمی چیف کے الزامات دراصل بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور کشمیریوں پر ہونے والے مظالم سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کی ایک ناکام کوشش ہیں۔ پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کے خلاف مظالم اور نفرت انگیز تقاریر کا سلسلہ جاری ہے، اور عالمی برادری بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے بخوبی آگاہ ہے۔
آئی ایس پی آر کے ترجمان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بھارت کے نفرت انگیز بیانیے اور مظالم نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے عزم کو مزید مضبوط کیا ہے، اور اس بات کا واضح ثبوت یہ ہے کہ بھارتی فوج کا ایک سینیئر افسر پاکستان میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے گرفتار ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی آرمی چیف کے بیانات غیر پیشہ ورانہ اور سیاسی مقاصد کے تحت ہیں، اور بھارتی فوجی قیادت کو سیاسی مفادات کے بجائے پیشہ ورانہ رویہ اپنانے کی ضرورت ہے۔ پاک فوج نے بھارتی آرمی چیف کے بیانات کو مردہ گھوڑے میں جان ڈالنے کی ایک ناکام کوشش قرار دیا اور کہا کہ پاکستان پر الزامات لگانے کی بھارتی کوششیں حقیقت سے دور ہیں۔