پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کو معلوم ہے کہ 9 مئی کا ماسٹر مائنڈ کون ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹرائل میں ایسی چیزیں ہو رہی ہیں کہ گواہ اور ملزمان کو سمجھ نہیں آرہی کیا ہو رہا ہے، یہ قطعی طور پر فیئرٹرائل کے ذمرے میں نہیں آتا۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی فالس فلیگ آپریشن ہے سیاسی طور پر پک اینڈ چوز ہو رہا ہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ 26 نومبر اور 9 مئی واقعات کی جوڈیشل کمیشن کے ذریعے آزاد انکوائری کروائی جائے۔
فیصل چوہدری نے کہا کہ حکومت کی جانب سے جوڈیشل کمیشن کی مخالفت کی کوئی وجہ سمجھ نہیں آتی، ما سوائے اس کے کہ وہ خود بھی اس میں شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پانی پی ٹی آئی کی جانب سے آج بریت کی درخواست دائر کی گئی ہے، سینیٹر چوہدری اعجاز کے پروڈکشن ارڈر جاری نہ ہونے پر بانی پی ٹی ائی نے مذمت کی ہے، اگر ہاؤس اس کا نوٹس لینے میں ناکام رہتا ہے تو ہم تسلسل سے کہتے آرہے ہیں کہ ملک میں نہ جمہوریت، آئین اور نہ قانون ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدالتیں، پولیس، ایف آئی اے کو اپنے کاموں سے ہٹا کر تباہ کیا جا رہا ہے، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ایک ڈکٹیٹر کا حکم ہی ملک میں قانون ہے، قانون اور منتخب نمائندوں کی کوئی وقعت نہیں رہ گئی ہے۔ پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ جن ججوں نے بانی کو جھوٹے مقدمے میں سزا دی ان کا تقرر اسلام اباد ہائی کورٹ میں کیا جا رہا ہے، ایک جج کے خلاف انکوائری بھی ہے، بانی پی ٹی آئی نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو کالی بھیڑ اور پولیٹیکلی بائیسڈ فرد قرار دیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی ائی نے کہا کہ انہیں معلوم ہے کہ 9 مئی کا ماسٹر مائنڈ کون ہے، نو مئی کا ماسٹر مائنڈ وہ ہے جس نے بانی پی ٹی آئی کو اغوا کروایا اور سی سی ٹی وی فوٹیج چرائی ہے۔ عمران خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ پیغام دیا گیا ہے کہ اپوزیشن کے معاملات یا ان کے لیڈروں کو مخاطب نہ کریں، ہمارا مقصد پاکستان میں فری اینڈ فیئر الیکشن، آئین اورجمہوریت کی بحالی ہے۔