راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے آرمی چیف سے اپنی ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میری اور وزیراعلی علی امین گنڈاپورکی پشاور میں آرمی چیف سے ملاقات ہوئی ہے۔
اڈیالہ جیل کے کمراہ عدالت میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ سے براہ راست مذاکرات خوش آئند ہیں، امید ہے اب صورت حال بہتر ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی اور وزیراعلی علی امین گنڈا پور کی آرمی چیف سے ملاقات علیحدگی میں ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملاقات میں پی ٹی آئی کے تمام معاملات اور مطالبات آرمی چیف کے سامنے رکھے گئے ہیں اور تمام مسائل پر بات چیت کی گئی۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ملاقات میں ملکی استحکام کے حوالے سے بھی تفصیلی بات چیت ہوئی، جس میں دوسری طرف سے مثبت ردعمل ملا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسٹیبلشمنٹ سے براہ راست مذاکرات کا عمل خوش آئند ہے اور اس سے امید ہے کہ اب حالات میں بہتری آئے گی۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ملکی مسائل کے حل کے لئے براہ راست بات چیت ضروری ہے، اور وہ امید کرتے ہیں کہ اس ملاقات سے بہتری کی راہ ہموار ہو گی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل چیئرمین تحریک انصاف نے گزشتہ روز آرمی چیف سے ملاقات کی تردید کی تھی، تاہم آج بیرسٹر گوہر نے اس ملاقات کی تصدیق کر کے اس پر مزید وضاحت کردی ہے۔