گورنر خیبر پختونخوا نے مخصوص نشستوں پر اراکین کے حلف کے لیے اسمبلی اجلاس طلب کرنے کی ہدایت کردی

گورنر خیبر پختونخوا نے مخصوص نشستوں پر اراکین کے حلف کے لیے اسمبلی اجلاس طلب کرنے کی ہدایت کردی

گورنر خیبر پختونخوا نے خواتین اور غیر مسلموں کی مخصوص نشستوں پر کامیاب امیدواروں سے حلف لینے کے لیے صوبائی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی ہدایت دے دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستیں بحال کردیں، وفاق میں اتحادی حکومت کو دو تہائی اکثریت مل گئی

منگل کو گورنر خیبر پختونخوا نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کے دفتر کوایک مراسلے کے ذریعے  ہدایت دی ہے کہ وہ صوبائی اسمبلی کا اجلاس فوری طور پر طلب کریں تاکہ خواتین اور اقلیتوں کے مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے ارکان کی حلف برداری عمل میں لائی جا سکے۔

 

 

 

یہ ہدایت الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے موصول ہونے والے مراسلے اور سپریم کورٹ آف پاکستان کے آئینی فیصلے کی روشنی میں دی گئی ہے۔ ای سی پی نے اپنے خط نمبر D.O.F.6(7) 2024-Coord مورخہ 14 جولائی 2025 میں صوبائی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی درخواست کی ہے تاکہ مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان کا حلف بروقت لیا جا سکے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے آئینی بینچ کے فیصلے کے تحت حلف برداری یقینی بنانا لازم ہے۔ اس کے لیے آئین پاکستان کے آرٹیکل 109(ا) کے تحت صوبائی اسمبلی کا اجلاس بلاواسطہ وزیر اعلیٰ کے ذریعے گورنر کو پیش کیا جانا چاہیے۔

مزید پڑھیں:مخصوص نشستیں: اسپیکر قومی اسمبلی کے بعد اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی نے بھی الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا

خیبر پختونخواہ گورنمنٹ رولز آف بزنس 1985 کے رول 36(1)(ا) اور شیڈول V کے تحت اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ گورنر کے سامنے چیف منسٹر کے توسط سے پیش کیا جاتا ہے۔

یہ اقدام الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ کے احکامات کی روح  کے مطابق عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے ناگزیر قرار دیا گیا ہے۔

یہ درخواست اس وقت سامنے آئی ہے جب مخصوص نشستوں پر ارکان کی تقرری اور حلف برداری میں تاخیر کو لے کر سیاسی توجہ بڑھ رہی ہے۔

اجلاس کے طلب کیے جانے سے خیبر پختونخواہ اسمبلی کی آئینی تشکیل مکمل ہو گی اور خواتین و اقلیتوں سمیت تمام طبقوں کی نمائندگی یقینی بنائی جا سکے گی۔

Related Articles