جواد احمد کی اہلیہ کے بیوٹی پارلر میں بجلی چوری پکڑی گئی، گلوکار بڑی مشکل میں پھنس گئے۔
لیسکو رپورٹ کے مطابق صارف نے میٹر کا فیز ڈیڈ کیا ہوا تھا، لیسکو عملہ چیکنگ کر رہا تھا کہ اسی دوران جواد احمد بھی پہنچ گئے۔
لیسکو حکام کے مطابق جواد احمد نے لیسکو ملازمین سے زبردستی میٹر چھین لیا، اس موقع پر انہوں نے لیسکو عملے کو زدو کوب بھی کیا۔ لیسکو حکام کے مطابق گلوکار جواد احمد اور ان کی اہلیہ میٹر لے کر موقع سے بھاگ گئے۔
لیسکو کی جانب سے تھانہ نواب ٹاؤن میں درج کرائی گئی درخواست میں گلوکار جواداحمد، ان کے ساتھی عدیل اور چار نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
لیسکو حکام کی جانب سے دی گئی درخواست کہا گیا کہ جواد احمد نے موقع پر پہنچ کر عملے کے ساتھ گالم گلوچ کی اور عملے کو دھمکایا ، انہوں نے اپنی گاڑی عملے پر چڑھانے کی کوشش بھی کی۔
واضح رہے کہ بجلی کی غیر قانونی ترسیل روکنے کے لیے پارلر کی بجلی منقطع کر دی گئی ہے۔ لیسکو نے اس معاملے کی رپورٹ شواہد کے ساتھ اعلیٰ حکام کو فراہم کر دی ہیں۔