پاکستانی اداکارہ نیلم منیر کی دبئی میں ہونے والی شادی کی تصاویر نے سال نو کے آغاز پر سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی تھی۔ اب ان کے شوہر کے حوالے سے دلچسپ تفصیلات منظر عام پر آئی ہیں۔
نیلم کے دیور، ثمر رانجھا نے نجی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے بھائی محمد راشد کا تعلق میانوالی پاکستان سے ہے۔ محمد راشد 2006 سے دبئی میں مقیم ہیں جہاں ان کا ٹریول اینڈ ٹورازم کا کاروبار اور تین سے چار ریسٹورنٹس ہیں۔ ثمر نے انکشاف کیا کہ نیلم اور محمد راشد کی پہلی ملاقات دبئی کے ایک ریسٹورنٹ میں ہوئی تھی جس کے بعد دونوں نے اسنیپ چیٹ پر بات چیت شروع کی۔ دو سے ڈھائی سال کے تعلق کے بعد دونوں نے شادی کر لی۔
شادی اور ولیمہ دبئی میں ہواجس میں صرف قریبی رشتہ داروں نے شرکت کی۔ ثمر نے بتایا کہ نیلم نے انہیں سلامی میں سونے کی چین اور موبائل گفٹ کیا، جبکہ انہوں نے نیلم کو تقریباً 8 سے 9 لاکھ روپے کا بریسلیٹ تحفے میں دیا۔ مزید یہ بھی بتایا گیا کہ پاکستان واپسی پر میانوالی میں بھی ولیمہ کی تقریب منعقد ہوگی۔ ثمر نے نیلم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہایت شائستہ اور خوش اخلاق ہیں اور فیملی کے ساتھ اچھے تعلقات رکھتی ہیں۔
واضح رہے کہ کچھ اطلاعات کے مطابق نیلم منیر کے شوہر دبئی پولیس کے سی آئی ڈی ڈیپارٹمنٹ میں کام کرتے ہیں اور ان کی ماہانہ تنخواہ 13 ہزار سے 22 ہزار درہم (تقریباً 10 سے 17 لاکھ پاکستانی روپے) کے درمیان ہو سکتی ہے۔