پنجاب میں پراپرٹی ٹیکس کا نیا نظام متعارف کروا دیا گیا

پنجاب حکومت نے ٹیکس عمل کو ہموار کرنے، پیچیدگیوں کو ختم کرنے اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے پراپرٹی ٹیکس کا نیا نظام متعارف کرایا ہے۔

تفصیلات کےمطابق سیکرٹری ایکسائزٹیکسیشن اینڈ اینٹی نارکوٹکس مسعود مختار  نے کہا ہےکہ پراپرٹیٹیکس کا نیا نظام یکم جنوری 2025 سے نافذ العمل کیا گیا ہے اور پراپرٹی ٹیکس کا تعین اب تمام اقسام کی جائیدادوں کے لیے متعلقہ ضلع کے ڈی سی ٹیبل کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

نظرثانی شدہ نظام کے تحت، پراپرٹی ٹیکس کی تشخیص کرائے کی قیمت پر مبنی ہونے سے کیپٹل ویلیو میں منتقل ہو جائے گی۔ جائیداد کے مالکان کو ٹیکس کے مقاصد کے لیے اپنی جائیدادوں کی قیمت کا خود جائزہ لینے کا اختیار دیا جائے گا، اور ان کی اعلان کردہ ویلیوایشن کو ٹیکس وصولی کے لیے درست تسلیم کیا جائے گا۔

ان اصلاحات کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے، مسعود مختار نے بتایا، “یہ 65 سال بعد پراپرٹی ٹیکس کی تشخیص میں ایک بڑی تبدیلی کی نشاندہی کرتا ہے، جس کا مقصد ٹیکس کے عمل کو آسان بنانا، یکسانیت کو یقینی بنانا، اور شفافیت کو فروغ دینا ہے۔ یہ تبدیلیاں خالصتاً عوامی فائدے کے لیے بنائی گئی ہیں اور انہیں اضافی مالی بوجھ کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہیے۔

عمر شیر چٹھہ، ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب نے ان اصلاحات کے ساتھ مراعات کے بارے میں تفصیل بارے اعلان کیا کہ موجودہ ٹیکس دہندگان سے 30 جون 2025 تک نئے نظام کے تحت اضافی ٹیکس وصول نہیں کیا جائے گا۔ مزید یہ کہ پہلی بار ٹیکس نیٹ میں آنے والے افراد کو ان کے بقایا جات پر 50 فیصد تک کی رعایت ملے گی۔ نئے ٹیکس دہندگان آئندہ چھ ماہ کے لیے کل ٹیکس کا صرف 25فیصد ادا کر کے بھی مستفید ہوں گے۔

یہ اصلاحات شفافیت اور جوابدہی کو بڑھاتے ہوئے ٹیکس دہندگان کو سہولت فراہم کرنے کے حکومتی عزم کی نشاندہی کرتی ہیں۔ ان سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ صوبے کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *