تحریک انصاف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز کیس کا فیصلہ اعلیٰ عدالتوں میں چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا ۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈرعمر ایوب نے کہا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈز کیس کے فیصلے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ، فیصلے کو اعلیٰ کورٹس میں چیلنج کرینگے
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ سوال تو نواز شریف کے بیٹے حسن نواز سے پوچھنا چاہیے کہ تم نے جس پیسے سے لندن میں ون ہائیڈ پارک کی عمارت خریدی وہ پیسہ کس طرح باہر لے کرگئے اور آگے پھر عمارت بیچی، اس رقم کا تم نے کیا کیا؟ آج وہ دندناتے پھر رہے ہیں۔
دوسری جانب سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ آج ایک سیاہ دن تھا، اس فیصلے کی پُرزور مذمت کرتے ہیں، ملک میں قانون ہے نہ آئین کی بالادستی ، القادرٹرسٹ سےحکومت کو ایک دھیلے کا نقصان نہیں ہوا، بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ جو اس ملک کو لوٹتے رہے وہ آج معزز بنے بیٹھے ہیں، اس ملک میں چور باہر پھر رہے ہیں جبکہ معصوم لوگ جیل میں ہیں،ہمارا لیڈر اور ہم ثابت قدم ہیں، ہم اس فیصلے کو دوسری عدالتوں میں لیکر جائیں گے۔