چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات جاری رہیں گے، 7 دن میں کمیشن پر پیشرفت نہیں ہوتی تو مذاکرات نہیں ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ جج کے فیصلے سے ہمیں کوئی حیرانگی نہیں ہوئی، بانی اور بشریٰ بی بی جج کے فیصلے پر مسکرائے، عمران خان کا عوام کیلئے پیغام ہے کہ مایوس نہیں ہونا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کیخلاف سیاسی بنیادوں پر کیس بنایا گیا تھا ,صرف سیاسی نشانہ بنایا جا رہا ہے، نہ اس سے ریاست کو نقصان پہنچا ہے اور نہ ہی بانی پی ٹی آئی نے کوئی مالی فائدہ حاصل کیا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ متنازع فیصلوں میں ایک اور اضافہ ہوا، ہمارے ساتھ امتیازی اور غیرمنصفانہ رویہ رہا ہے، عمران خان نے جرم نہیں کیا، کوئی فائدہ نہیں اٹھایا، 190 ملین پاؤنڈز کیس سیاسی انتقام کا کیس ہے، اس کیس کا فیصلہ ہمیں دیوار پر لکھا نظر آ رہا تھا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ عمران خان کبھی سمجھوتا نہیں کریں گے، اپنی بیگناہی ثابت کریں گے، بشری بی بی بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑی ہیں۔