لاہور: لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے معروف گلوکار جواد احمد پر بجلی چوری کے الزام میں 13 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چند روز قبل جواد احمد کی اہلیہ کے بیوٹی پارلر میں بجلی چوری پکڑی گئی تھی۔ لیسکو حکام کے چھاپے کے دوران گلوکار موقع پر پہنچے اور ان کی ٹیم کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی۔لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ جواد احمد نے چھاپے کے دوران میٹر چھین لیا تھا، جس کے بعد ان کے خلاف نواب ٹاؤن تھانے میں ایف آئی آر درج کرائی گئی۔ تاہم پولیس نے مقدمے میں تمام متعلقہ دفعات شامل نہ کرنے کی شکایت کی گئی ہے۔
لیسکو حکام کے مطابق جواد احمد کو 27 ماہ کے بجائے صرف چھ ماہ کا ڈٹیکشن بل جاری کیا گیا ہے، جس کی کل رقم 13 لاکھ روپے بنتی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ میٹر ابھی تک غائب ہے، اور اس کی بازیابی پر اضافی بل جاری کیا جا سکتا ہے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ اس کارروائی میں کسی قسم کی زیادتی نہیں کی گئی اور تمام تفصیلات اعلیٰ حکام کو بھجوا دی گئی ہیں۔ مزید یہ کہ جواد احمد کو کسی بھی فورم پر شکایت کا حق حاصل ہے، لیکن لیسکو نے تمام قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی کی ہے۔