اسلام آباد : پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور رکن قومی اسمبلی شہلا رضا نے کہا ہے کہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ڈونلڈ ٹرمپ کے ناشتے میں شرکت کریں گے جو عالمی سطح پر پاکستان کی بڑھتی ہوئی اہمیت اور سفارتی کامیابی کا ثبوت ٓہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہلا رضا نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری بین الاقوامی تعلقات اور سفارتی آداب سے بخوبی آگاہ ہیں اور ان کی موجودگی پاکستان کے وقار کو مزید بلند کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کا شمار ان سیاستدانوں میں ہوتا ہے جو نہ صرف ملکی بلکہ عالمی معاشی اور سیاسی حالات پر گہری نظر رکھتے ہیں۔ شہلا رضا نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری پاکستان کے معاشی استحکام اور ترقی کے لیے ایک تاریخ ساز کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
پیپلز پارٹی کی ترجمان نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور وقار پارٹی کی اولین ترجیح ہے اور بلاول بھٹو زرداری کی عالمی سطح پر یہ پذیرائی پاکستان کے بہتر مستقبل کی امید کو مزید تقویت دے گی۔