محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں اور برفباری کی پیشنگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سوموارکے روز ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ تاہم شمال مغربی بلوچستان، بالائی خیبر پختونخوا ،گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں تیز ہوائیں،جھکڑچلنے کے ساتھ بارش اوربرفباری کی توقع ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع ، با لا ئی سندھ اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں صبح /رات کے اوقات میں درمیانی سے شدید دُھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹے کا موسم ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد اورمطلع جز وی ابر آلود رہا۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع اور با لا ئی سندھ میں درمیانی سے شدید دُھند چھائی رہی۔ تاہم بلوچستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش/برفباری ہوئی۔سب سے ذیادہ بارش )ملی میٹر ): دالبندین 24،پشین 17،کوئٹہ (سٹی 13، سمنگلی 10)، نوکنڈی 07،قلات 04 اور پنجگور میں 01 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔ اس دوران زیارت 02اور کوئٹہ میں 01انچ برفباری ریکارڈ کی گئی۔آج ریکارڈکئے گئے کم سےکم درجہ حرارت: لہہ منفی 09،گوپس منفی06، اسکردو، مالم جبہ منفی 04، استور، ہنزہ اور پاراچنار میں منفی 03 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج چاغی، نوشکی، خاران، پشین ،قلعہ عبداللہ اور کوئٹہ میں بارش کے باعث فلیش فلڈنگ کا اندیشہ ہے۔کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ میں سڑکوں کے بند ہونے اور پھسلن کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں خلل کا اندیشہ ہے۔