نادرا حکام کا کہنا ہے کہ ریاست آزاد جموں و کشمیر کے رہائشیوں کیلئے شناختی کارڈ پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، سوشل میڈیا پر چلنے والی خبریں بےبنیاد ہیں۔
نیشنل ڈیٹابیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے مطابق آزاد کشمیر کے رہائشیوں کیلئے نافذالعمل ضوابط اور پالیسی کے عین مطابق نادرا اسمارٹ کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈز پر ’ریذیڈنٹ آف آزاد جموں و کشمیر اسٹیٹ‘ کا جملہ سیاہ رنگ میں اور عام قومی شناختی کارڈز پر سرخ رنگ میں درج کرتا ہے۔
نادرا حکام کے مطابق اس عبارت کو شناختی کارڈ پر درج کروانے کے لیے درخواست دہندگان کو حکومت آزاد جموں و کشمیر کی جانب سے جاری کردہ درست ریاستی باشندہ سرٹیفکیٹ (کلاس 1، 2، یا 3) جمع کروانا ضروری ہے۔ اس سرٹیفکیٹ کے بغیر رہائشی حیثیت درج نہیں کی جا سکتی۔
نادرا حکام نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں اس پالیسی میں تبدیلی کے بارے میں سوشل میڈیا پر افواہیں گردش کر رہی ہیں۔ یہ افواہیں بے بنیاد ہیں اور مخصوص مقاصد کے تحت پھیلائی جا رہی ہیں۔ صرف دسمبر 2024 سے جنوری 2025 کے دوران، نادرا نے 50,000 سے زائد شناختی کارڈز جاری کیے جن پر ’ریذیڈنٹ آف اے جے کے اسٹیٹ‘کا جملہ درج ہے۔
حکام نے بتایا کہ چند مخصوص معاملات میں یہ عبارت درج نہ ہونے کی وجہ یا تو د رخواست گزار کی جانب سے درخواست کے وقت مطلوبہ ریاستی باشندہ سرٹیفکیٹ جمع نہ کروانا ہے یا شناختی کارڈ کی تیاری کے دوران ڈیٹا انٹری آپریٹر کی غلطی اس کا سبب بن سکتی ہے۔ جن درخواست دہندگان نے مطلوبہ سرٹیفکیٹ جمع کروایا تھا لیکن ڈیٹا انٹری آپریٹر آپریٹر کی غلطی کی وجہ سےدرست اندراج نہ ہو سکا، نادرا نے ان سے رابطہ کر کے ان کے کارڈز کو درست عبارت کے ساتھ مفت دوبارہ جاری کرنے کا بندوبست کر دیاہے۔
نادرا حکام نے مزید کہا کہ جن درخواست دہندگان نے ابتدا میں ریاستی باشندہ سرٹیفکیٹ جمع نہیں کروایا، ان سے گزارش ہے کہ وہ دوبارہ متعلقہ فیس کے ساتھ درخواست دیں اور مطلوبہ دستاویزات فراہم کریں تاکہ درست شناختی کارڈ جاری کیا جا سکے۔
نادرا اپنی قانونی ذمہ داریوں کو مکمل طور پر نبھانے کے لیے پرعزم ہے اور یہ یقینی بناتا ہے کہ شناختی دستاویزات مقررہ ضوابط اور پالیسیوں کے مطابق جاری کی جائیں۔ ہم شہریوں کو مؤثر، شفاف اور اعلیٰ پیشہ ورانہ خدمات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔