پاکستان انٹر نیشنل ائیر لائن سے گزشتہ ایک سال میں 110 ائیر کرافٹ انجینئرز اور ٹیکنیشنز کے ملازمت چھوڑ جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹر نیشنل ائیر لائن سے گزشتہ ایک سال کے عرصے میں 110 ائیر کرافٹ انجینئرز اور ٹیکنیشنز کے ملازمت چھوڑ جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں ، اس حوالے سے میڈیا رپورٹس کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال کے سبب ملازمین ملازمتیں چھوڑ کر جا رہے ہیں۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق تنخواہوں میں اضافے کیلئے انتظامیہ کوشاں ہے اور سینئر ملازمین کے ملازمت چھوڑ کر جانے کے سبب پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کو ائیرکرافٹ انجینئرز اور ٹیکنیشنز کی شدید کمی کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق 110 ائیرکرافٹ انجینئرز اور ٹیکنیشنز کے ایک سال کےدوران استعفے دینےکا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع نے بتایاکہ استعفے دینے والوں میں 45 انجینئرز اور 65 ٹیکنیشنز شامل ہیں۔ ائیرلائن ذرائع کا کہنا ہے کہ دیگر ائیرلائنز میں ملازمت کے بہتر مواقع پرملازمین جا رہے ہیں۔
قومی ائیرلائن کے شعبہ انجینئرنگ کے حکام نے انجینئرز اور ٹیکنیشنز کے استعفوں کی تصدیق کی اور ذرائع نے بتایاکہ طیاروں کی مینٹیننس پر حاضر ائیرکرافٹ انجنیئرز اور ٹیکشنینز کا کام دگنا ہوگیا۔ذرائع کے مطابق مزید 40 ائیرکرافٹ انجینئرز اور ٹیکنیشنز کے استعفے التوا میں ہیں۔