ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کے 47 ویں صدر کی حیثیت سے آج حلف اٹھائیں گے

ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کے 47 ویں صدر کی حیثیت سے آج حلف اٹھائیں گے

ڈونلڈ ٹرمپ آج دوسری بار 47ویں صدر کی حیثیت سے امریکا کی کمان سنبھالیں گے، نومنتخب امریکی صدر کی حلف برداری کی تقریب آج ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق تقریب امریکی آئین کے تحت واشنگٹن ڈی سی میں منعقد کی جائے گی، جہاں چیف جسٹس جان رابرٹس ان سے عہدے کا حلف لیں گے۔

جے ڈی وینس بھی باضابطہ طور پر نائب صدر کا عہدہ سنبھالنے سے پہلے اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

نومنتخب امریکی صدر کی تقریب حلف برداری کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں، اس حوالے سے سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کر لیے گئے ہیں، وائٹ ہاؤس سے 3 کلو میٹر تک کا علاقہ گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بند کر دیا جائے گا۔

امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں آج درجہ حرارت منفی 11 ڈگری تک گرنے کا امکان ہے، شدید سردی کے باعث ٹرمپ اوپن ایئر کے بجائے عمارت کے اندر روٹنڈا ہال میں منصب کا حلف اٹھائیں گے، کیپٹل ہل کی عمارت میں صرف 600 لوگوں کو شرکت کی اجازت دینے پر غور کیا جارہا ہے۔

تقریبِ حلف برداری کیا ہے؟

برطانوی میڈیا کے مطابق حلف برداری کی تقریب باضابطہ طور پر ایک صدر کے دور کا خاتمہ اور دوسرے کے آغاز کے لیے منعقد کی جاتی ہے۔

یہ حکومتی رہنماؤں کے درمیان واشنگٹن ڈی سی میں اقتدار کی منتقلی کا سب سے ہائی پروفائل حصہ ہوتا ہے۔

تقریب کے اہم ترین حصے کے دوران نومنتخب صدر اپنے عہدے کا حلف اٹھاتے ہیں اور یہ الفاظ کہتے ہیں: ‘میں حلف اٹھاتا ہوں کہ میں ایمانداری کے ساتھ امریکی صدر کے عہدے پر عمل کروں گا اور اپنی بہترین صلاحیت کے مطابق امریکی آئین کی حفاظت، حفاظت اور دفاع کروں گا۔‘

یہ بھی پڑھیں : ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو امریکا کی صدارتی معافی نہ مل سکی

اگرچہ انھوں نے نومبر میں انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی لیکن ٹرمپ یہ الفاظ کہنے کے بعد باضابطہ طور پر 47ویں صدر بن جائیں گے۔

اس تقریب میں میوزیکل پرفارمنس اور تقاریر بھی شامل ہیں جس کے دوران ٹرمپ خطاب کریں گے اور اگلے چار سالوں کے لیے اپنے اہداف کا اعلان کریں گے۔

تقریبِ حلف برداری میں کون کون شرکت کرے گا؟

مقامی اور وفاقی حکام کو توقع ہے کہ واشنگٹن ڈی سی میں تقریبا دو لاکھ افراد جمع ہوں گے جن میں ٹرمپ کے حامیوں کے ساتھ ساتھ مظاہرین بھی شامل ہوسکتے ہیں، بہت سے امریکی سینیٹرز اور کانگریس کے ارکان کے علاوہ آنے والی انتظامیہ کے مہمان بھی شرکت کریں گے۔

ٹرمپ، وینس اور ان کے اہل خانہ کے بعد سب سے اہم حاضرین سبکدوش ہونے والے صدر اور نائب صدر ہیں ، سابق صدور اور خواتینِ اوّل بھی اکثر افتتاحی تقریب میں موجود ہوتی ہیں۔

توقع ہے کہ اس سال اس میں جارج اور لورا بش اور براک اوباما بھی شامل ہوں گے، تاہم مشیل اوباما مبینہ طور پر اس میں شرکت نہیں کریں گی۔

ارجنٹینا اورایکواڈور کےصدور نےتقریب میں شرکت کی تصدیق کردی ہے جبکہ سابق برازیلین صدر جیئر بولسونارو پربیرون ملک سفر کی پابندی ہے، اٹلی کی وزیر اعظم نے کہا ہے کہ وقت ملا تو وہ واشنگٹن ضرور جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی وقت کے مطابق پیر کی شام ہونے والی ٹرمپ کی حلف برداری کی تقریب میں عالمی رہنما بھی شرکت کریں گے، پاکستان کی نمائندگی امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ کریں گے، پاکستان کے سابق وزیرخارجہ بلاول بھٹو بھی تقریب میں شرکت کے لیےواشنگٹن پہنچ چکے ہیں،  تقریب میں پاکستان کی  سیاسی شخصیات اور پاکستانی امریکنز بھی شریک ہوں گے۔

امریکی میڈیا کے مطابق ریپبلکن کی جانب سے کئی ٹیک ٹائٹنز کو افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے مدعو کیا گیا ہے، جیسے کہ ارب پتی ایلون مسک، جیف بیزوس اور مارک زکربرگ شرکت کریں گے جبکہ چینی سوشل میڈیا کمپنی ٹک ٹاک کے سربراہ شو چیو بھی شریک ہوں گے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *