پشاور: خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی تنظیمی ڈھانچے میں بڑی تبدیلیاں لانے کی تیاری پر کام شروع کردیا گیا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق نئے صوبائی صدر نے پارٹی کی نئی تنظیم سازی پر مشاورت شروع کردی ہے۔ پہلے مرحلے میں صوبائی ذمہ داروں کو ہٹایا جائے گا جبکہ اس کے بعد ریجن، تحصیل اور ڈسٹرکٹ کے ذمہ داروں کو تبدیل کیا جائے گا۔
نئی تنظیم سازی میں پرانے اور درینہ کارکنان کو آگئے لایا جائے گا اور غیر متنازع اور قربانیاں دینے والوں کو اہم ذمہ داریاں دی جائیں گی۔ پارٹی میں کسی بھی وجہ سے خاموشی اختیار کرنے والوں یا نظر انداز کئے جانے والے ورکرز اور رہنماؤں کو ایک بار پھر متحرک کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں پارٹی تنظیم سازی پر کام مکمل کرتے ہوئے ایک مضبوط اور موثر ٹیم بنائی جائے گی۔ اس وقت نہ صرف کئی رہنماؤں کے درمیان اختلافات موجود ہیں، بلکہ دیرینہ ورکرز نے خاموشی بھی اختیار کرلی ہے جس کا نقصان پارٹی کو ہو رہا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق موجودہ پارٹی کے کئی قائدین کی موجودگی میں پارٹی کو آگے لے جانے میں دشواریوں کو دیکھتے ہوئے نئی تنظیم سازی کی جائے گی۔
نئے صوبائی صدر جنید اکبر کی خواہش ہے کہ ایک صوبائی سطح پرمضبوط تنظیم بنائی جائے اور پارٹی کے تمام صوبائی اور ذیلی تنظیموں کو اسی طرح متحرک کیا جائے۔ کچھ ذمہ داروں سے متعلق شکایات مل رہی ہیں کہ اس پر قبضہ کیا گیا ہے جس سے دیرینہ اور اصل ورکرز نالاں ہے۔اس حوالے سے سابق صوبائی وزیر شکیل خان سے جب رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ پارٹی کی تنظیم سازی پر کام شروع کردیا گیا ہے۔ اْن کے مطابق تمام ذمہ داریاں تبدیل کرکے ایک فعال اور مضبوط تنظیم لانے پر مشاورت جاری ہے۔