راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی اورعمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے کسی قسم کی ڈیل کرنے کی بجائے مقدمات کا سامنا کرنے کو ترجیح دی ہے۔
علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کے ریفرنس کے بعد دنیا بھر میں ہمارے فیصلے کا مذاق اُڑایا گیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اب سب کو سمجھ آ گیا ہے کہ ہماری عدلیہ کو سیاسی انتقام کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔
علیمہ خان نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ نے ناصر جاوید رانا پر بھی اعتراضات اٹھائے تھے اور ایسے ججز کی تقرری کی کوشش ہو رہی ہے جو چوری، ڈاکہ اور مینڈیٹ چوری کو تحفظ دیں گے۔
انہوں نے القادر یونیورسٹی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز اب اس ادارے کو چلائیں گی، جہاں سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیم دی جاتی تھی، اور وہ تھوڑا ثواب کما لیں گی۔ علیمہ خان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عمران خان نے ڈیل کرنے کے بجائے اپنے مقدمات کا سامنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ کسی بھی قسم کی ڈیل نہیں کریں گے۔
اس موقع پر، علیمہ خان نے بشری بی بی کو سہولت کاری کے الزام میں 7 سال کی سزا دیے جانے پر بھی سوال اٹھایا اور کہا کہ یہ کیس ہائیکورٹ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کیس شروع میں زرداری اور ملک ریاض کی سہولت کاری سے متعلق تھا، مگر اب اس میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو سزا دے دی گئی ہے۔
بانی پی ٹی آئی نے واضح کیا کہ وہ کسی قسم کی ڈیل نہیں کریں گے، اور جتنی دیر مرضی انہیں جیل میں رکھا جائے یا جتنے مرضی ججز مقرر کیے جائیں، وہ اپنے مقدمات کا سامنا کریں گے اور صفائی دیں گے۔