وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات میں پاکستان کی ثالثی کو سراہتے ہیں اگلا مرحلہ ممکنہ طور پر اسلام آباد میں منعقد ہو سکتا ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران کیرولین لیویٹ نے بتایا کہ ایران کے ساتھ بات چیت جاری اور نتیجہ خیز ہے، ان کا کہنا تھا کہ جنگ بندی کے حوالے سے پاکستان کی سنجیدہ کوششوں کو دونوں فریق قدر کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں اور اس عمل میں پاکستان ایک اہم اور واحد ثالث کے طور پر سامنے آیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ امریکا کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع کی درخواست سے متعلق گردش کرنے والی خبریں درست نہیں ہیں ترجمان وائٹ ہائوس کا کہنا تھا کہ سفارتی عمل جاری ہے اور دونوں ممالک کے درمیان رابطے برقرار ہیں۔
مذاکرات کے ممکنہ دوسرے دور میں اطلاعات کے مطابق امریکی وفد کی نمائندگی جے ڈی وینس، اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر کریں گے، جبکہ ایرانی وفد میں باقر قالیباف اور عباس عراقچی شامل ہوں گے۔
تاہم ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ مذاکرات کے لیے ابھی تک کسی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیایاد رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کا پہلا مرحلہ 11 اپریل کو اسلام آباد میں ہوا تھا، جہاں دونوں ممالک کے وفود کے درمیان تقریباً 21 گھنٹے تک بات چیت جاری رہی، تاہم کوئی حتمی معاہدہ طے نہیں پا سکا۔