بہبود سیونگ سرٹیفکیٹس قومی بچت کی جانب سے پیش کردہ ایک خصوصی سرمایہ کاری اسکیم ہے جو معاشرے کے کمزورافراد بشمول بیواؤں، بزرگوں، اور معذور افراد کے لیے مالی تحفظ کا ذریعہ فراہم کرتی ہے۔
اس اسکیم کے تحت سرمایہ کاروں کو ماہانہ بنیادوں پر معقول منافع فراہم کیا جاتا ہے جو ان کے مالی معاملات کو مستحکم رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ یہ اسکیم 2003 میں متعارف کروائی گئی تھی تاکہ بیواؤں اور بزرگ شہریوں کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔ بعد ازاں 2004 میں اس دائرہ کار کو معذور افراد اور خاص کربالغ معذور افراد تک بڑھایا گیا۔ سرمایہ کار 5000 روپے سے لے کر 10 لاکھ روپے تک کے سیونگ سرٹیفکیٹس خرید سکتے ہیں جن پر منافع کی ادائیگی سرٹیفکیٹ کی خریداری کے مہینے سے ہی شروع ہو جاتی ہے۔
فی الحال، بہبود سرٹیفکیٹس پر منافع کی شرح 13.92 فیصد مقرر ہے یعنی اگر کوئی شخص ایک لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کرتا ہے تو اسے ماہانہ 1160 روپے کا منافع حاصل ہوگا۔ انفرادی سرمایہ کار زیادہ سے زیادہ 75 لاکھ روپے تک کی سرمایہ کاری کر سکتے ہیں جبکہ مشترکہ سرمایہ کاری کے لیے یہ حد 15 ملین روپے ہے۔
یہ اسکیم نہ صرف مستحکم آمدنی فراہم کرتی ہے بلکہ بزرگوں اور معذور افراد کے لیے مالی خودمختاری کا ایک پائیدار ذریعہ بھی ہے۔ سرمایہ کاری کرنے کے خواہشمند افراد قریبی قومی بچت مراکز سے بہبود سیونگ سرٹیفکیٹس خرید سکتے ہیں اور فوری طور پر ماہانہ منافع کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔