بانی پی ٹی آئی عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف کی پنجاب اور خیبرپختونخوا کی صوبائی قیادت میں تبدیلیوں کی ہدایات دیدیں۔
عمران خان نے خیبرپختونخوا کے ہٹائے گئے رہنماؤں کو عہدوں پر بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ ان کے فیصلے کے مطابق صوبائی جنرل سیکریٹری کے لیے عاطف خان اور ارباب شیرعلی کے نام زیر غور ہیںاور برطرف صوبائی وزیر شکیل خان کی دوبارہ کابینہ میں شمولیت بھی متوقع ہے۔
پشاور میں ممبر قومی اسمبلی عاطف خان نے بتایا کہ عمران خان سے پی ٹی آئی رہنماؤں کی ملاقات میں صوبے میں کرپشن اور گڈ گورننس پر بات چیت ہوئی اور اس دوران کچھ وزیروں کے قلمدان واپس لینے کا امکان ظاہر کیا گیا۔
عاطف خان نے مزید کہا کہ عمران خان کو بعض وزیروں کے بارے میں شکایات موصول ہوئیںاور عمران خان نے تحقیقات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ الزامات درست ثابت ہونے پر کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ملک احمد خان بچھرا اور تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کی گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کی اندرونی کہانی بھی سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق عمران خان پنجاب کی قیادت سے نالاں نظر آئے اور انہوں نے پنجاب میں تنظیم نو کرنے کا فیصلہ کیا۔ سلمان اکرم راجہ کو پنجاب میں پارٹی تنظیم نو کا حکم دیا گیا اور عالیہ حمزہ کو اہم ذمہ داریاں سونپنے کی ہدایت کی گئی۔
عمران خان نے 8 فروری کے احتجاج کے حوالے سے بھی اہم ہدایات جاری کیں اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی کارکردگی کو سراہا۔