یوٹیوبر رجب بٹ کے وکیل عثمان وحید گجر ایڈووکیٹ نے کہا کہ ان کے مؤکل کو عدالت سے جو سزا ملی ہے وہ اس سے خوش ہیں اور وہ عدالت کے جانوروں کے حقوق کے حوالے سے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہیں۔
عثمان وحید ایڈووکیٹ نے کہا کہ رجب بٹ اس فیصلے کو کسی فورم پر چیلنج نہیں کریں گے اور سزا کو قبول کرتے ہوئے اس پر عمل کریں گے۔ مقامی عدالت نے رجب بٹ کو بنا لائسنس شیر کا بچہ رکھنے پر ایک سال تک ہر ماہ جانوروں کے حقوق سے متعلق کمیونٹی سروس کی سزا سنائی تھی۔
عثمان وحید گجر کا کہنا تھا کہ رجب بٹ جانوروں کے حقوق کے حوالے سے کمیونٹی سروس میں حصہ لیں گے اور اس دوران وہ ہر ماہ جانوروں پر ویڈیوز بھی بنائیں گے تاکہ عوام میں اس حوالے سے آگاہی پیدا ہو۔
یاد رہے کہ لاہور سے تعلق رکھنے والے یوٹیوبر رجب بٹ کو ان کی شادی پر شیر کا بچہ تحفے میں دیا گیا تھا، جس کے بعد یہ معاملہ عدالت تک پہنچا اور عدالت نے جانوروں کے حقوق کے حوالے سے اہم فیصلہ سنایا۔