پاکستان میں شعبان المعظم کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی اور زونل کمیٹیوں کا اجلاس جمعرات کی شام کو ہوگا۔ ماہرین فلکیات کی پیش گوئی کے مطابق 29 جنوری کی شام کو شعبان کے چاند کی پیدائش ہو چکی ہے اور 30 جنوری بروز جمعرات کو پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں شعبان کا چاند نظر آنے کا واضح امکان ہے۔
ماہرین کے مطابق پاکستان میں شعبان کا چاند 30 جنوری کو نظر آنے کا قوی امکان ہے کیونکہ اس دن غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 25 گھنٹے 4 منٹ ہوگی اور چاند نظر آنے کا دورانیہ غروب آفتاب کے بعد 57 منٹ تک رہنے کا امکان ہے۔
ماہرین فلکیات کے مطابق اس سال رمضان المبارک کا آغاز مارچ میں ہوگا۔ مختلف ممالک میں رمضان کے آغاز کی تاریخ مختلف ہوگی۔ کچھ ممالک میں یکم مارچ بروز ہفتہ کو جبکہ دیگر میں 2 مارچ بروز اتوار کو رمضان شروع ہوگا۔ سعودی عرب، خلیجی ممالک اور کئی مغربی و یورپی ممالک میں یکم مارچ کو رمضان کا آغاز ہونے کا امکان ہے۔
عید الفطر کی متوقع تاریخ 30 مارچ بروز اتوار یا 31 مارچ بروز پیر ہو سکتی ہے۔پاکستان میں عید الفطر کے چاند کی رویت کا حتمی اعلان رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے کیا جائے گا اور ماہرین فلکیات کے مطابق پاکستان میں عید الفطر 30 یا 31 مارچ کو منائی جا سکتی ہے۔