31 جنوری سے ملک میں بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ متوقع

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 31 جنوری سے یکم فروری کے دوران پاکستان میں بارشوں کا نیا سلسلہ داخل ہوگا، جس سے مختلف علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات ملک کے مختلف شہروں میں بارش ہوئی، جس سے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی۔ کوہاٹ، مردان اور کاٹلنگ میں گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ لوئر دیر میں ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ ہونے والی بارش نے سردی مزید بڑھا دی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، نیا بارش برسانے والا سسٹم ملک کے کئی حصوں کو متاثر کرے گا۔ مری، گلیات اور گرد و نواح میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ راولپنڈی، اٹک، جہلم اور چکوال میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع، بشمول دیر، چترال، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بٹگرام، شانگلہ، بونیر، سوات، باجوڑ، خیبر، کوہاٹ اور کرم میں تیز ہواؤں، بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقے سرد اور خشک موسم کی لپیٹ میں رہیں گے، جبکہ شمالی اضلاع میں شدید سردی اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس سے درجہ حرارت مزید کم ہونے کا امکان ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *