خام تیل کی قیمتیں مزید 2 فیصد گر گئیں ، پیٹرول وڈیزل مزید سستا ہونے کا امکان

خام تیل کی قیمتیں مزید 2 فیصد گر گئیں ، پیٹرول وڈیزل مزید سستا ہونے کا امکان

امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں کمی اور حالیہ معاہدے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے نتیجے میں توانائی کی عالمی مارکیٹ میں استحکام کے آثار نمایاں ہونے لگے ہیں۔

بین الاقوامی رپورٹس کے مطابق خام تیل کی قیمتوں میں تقریباً 2 فیصد تک کمی ہوئی ہے۔ برینٹ خام تیل 77 ڈالر فی بیرل کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے جبکہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل 73 ڈالر فی بیرل میں فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح متحدہ عرب امارات کا مربن خام تیل 69 ڈالر فی بیرل تک گر گیا ہے۔

 امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمت اور خطے میں جنگی خدشات کم ہونے کے باعث سرمایہ کاروں کے خدشات میں کمی آئی ہے جس کے نتیجے میں تیل کی رسد متاثر ہونے کے امکانات بھی کم ہوئے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں پر دباؤ بڑھا اور نرخ نیچے آ گئے۔

 ایران سے متعلق جغرافیائی سیاسی خطرات میں کمی نے مارکیٹ کو یہ اشارہ دیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں تیل کی سپلائی معمول کے مطابق برقرار رہ سکتی ہے جس سے قیمتوں میں مزید استحکام آنے کا امکان پیدا ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:تنخواہ دار طبقے کے لیے خوشخبری،6 لاکھ تک ٹیکس فری، نئے سلیبس متعارف ، مکمل تفصیلات آ گئیں، آج منظوری

واضح رہے کہ ایران سے متعلق حالیہ کشیدگی اور جنگ کے آغاز کے بعد برینٹ خام تیل کی قیمتیں تیزی سے اوپر گئی تھیں تاہم موجودہ سطح اس عرصے کے دوران برینٹ خام تیل کی کم ترین قیمت قرار دی جا رہی ہے۔

 اگر خطے میں امن کی صورتحال برقرار رہی اور تیل پیدا کرنے والے بڑے ممالک کی جانب سے سپلائی میں کوئی بڑی رکاوٹ پیدا نہ ہوئی تو آنے والے ہفتوں میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید کمی دیکھی جا سکتی ہے۔ اس صورتحال کا مثبت اثر پاکستان سمیت تیل درآمد کرنے والے ممالک پر پڑنے کا امکان ہے جہاں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی توقعات بڑھ گئی ہیں۔

امید ظاہر کی جارہی ہے کہ اس جمعہ کو حکومت عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا ریلیف عوام کو منتقل کرے گی اور پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں مزید کم ہوں گی اس حوالے سے اوگرا کی طرف سے پیپر ورک ہورہا ہے جس کے بعد سمری وزارت خزانہ کو ارسال کی جائیگی جہاں سے وزارت خزانہ وزیر اعظم سے منظوری کیلئے سمری وزیر اعظم ہاوس ارسال کرے گی۔

editor

Related Articles