کراچی: پاکستان ریلوے نے ٹکٹوں کی واپسی کے لیے نئی پالیسی کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت مختلف وقتوں پر ٹکٹوں کی واپسی کے لیے مختلف شرحوں کا تعین کیا گیا ہے۔
پالیسی کے مطابق ریلوے کے مسافر پوائنٹ آف سیل (POS) سے خریدے گئے ٹکٹوں کے لیے، ٹرین روانگی سے 48 گھنٹے قبل تک 90 فیصد رقم واپس کی جائے گی۔ روانگی سے 24 سے 48 گھنٹے قبل تک 80 فیصد رقم واپس کی جائے گی۔ روانگی سے 24 گھنٹے کے اندر 70 فیصد رقم واپس کی جائے گی
ٹرین کی روانگی کے بعد صرف دو گھنٹے کے اندر 50 فیصد ریفنڈ دیا جائے گا۔ اگر ٹرین 6 گھنٹے یا اس سے زیادہ لیٹ ہو تو مکمل رقم واپس کی جائے گی۔ پی او ایس سے خریدے گئے ٹکٹوں کی واپسی صرف انہی کاؤنٹرز ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق ریفنڈ لینے کے لیے مسافروں کو اصل ٹکٹ اور CNIC کی کاپی جمع کرانا ہوگی، کینسلیشن سلپ اور رقم دی جائے گی۔
آن لائن ٹکٹوں کا ریفنڈ صرف اسی آن لائن سروس کے ذریعے ممکن ہوگا، جس سے ادائیگی کی گئی ہو۔ آن لائن ٹکٹوں کے لیے بھی وہی ریفنڈ پالیسی ہوگی جو POS کے لیے مقرر ہے۔ آن لائن ٹکٹوں کا ٹرین کی روانگی کے بعد کوئی ریفنڈ نہیں دیا جائے گا۔ آن لائن ٹکٹ اگر ٹرین کی روانگی میں 1 گھنٹے 30 منٹ سے کم وقت باقی ہو تو ٹکٹ کینسل نہیں ہوگا۔
ذرائع کے مطابق مسافروں کو چاہیے کہ وہ اپنی بکنگ سے متعلق درست معلومات حاصل کریں اور ریفنڈ کے قواعد کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹکٹ کی واپسی کے لیے درخواست دیں۔ مزید معلومات کے لیے قریبی ریلوے اسٹیشن یا پاکستان ریلوے کی آفیشل ویب سائٹ سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔

