ٹرائی سیریز اور چیمپئنز ٹرافی کیلئے اسکواڈ فائنل کر لیا گیا، فخرزمان کی قومی ٹیم میں واپسی ہوگی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسکواڈ میں کپتان محمد رضوان، بابراعظم، سعود شکیل، کامران غلام، سلمان آغا، طیب طاہر، عامر جمال شامل ہیں۔ اس کے علاوہ دوسرے اوپنر عثمان خان، خوشدل شاہ شامل ہوں گے۔ قومی ٹیم میں فخرزمان کی واپسی جبکہ امام الحق ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ چئیرمین پی سی بی کی منظوری کے بعد اسکواڈ کا اعلان کیا جائیگا۔
چیمپئنز ٹرافی تقریبات کیلئے میدان سجنے کیلئے تیار ہے۔ قذافی اسٹیڈیم کی افتتاحی تقریب 7فروری کو منعقد کی جائیگی اور وزیراعظم شہباز شریف ممکنہ طور پر مہمان خصوصی ہوں گے۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں افتتاحی تقریب 11فروری کو ہوگی اور صدر مملکت آصف علی زرداری متوقع مہمان خصوصی ہوں گے۔ چیمپئنز ٹرافی کی مرکزی افتتاحی تقریب 16فروری کو ہوگی۔
دوسری جانب قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد پاکستان کی جانب سے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔ پاکستان چیمپئنز نے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے دوسرے ایڈیشن کے لیے سابق کپتان سے باقاعدہ معاہدہ کر لیا ہے۔ ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے پہلے ایڈیشن کی کامیابی کے بعد دوسرا ایڈیشن بھی کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پہلے ایڈیشن میں فائنل میں پاکستان چیمپئنز کو انڈیا چیمپئنز نے شکست دی تھی۔
پہلے ایڈیشن میں پاکستان چیمپئنز کی ٹیم بہت اچھا کھیلی تھی، پاکستان چیمپئنز کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر سرفراز ا حمد کی شمولیت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا ہے۔پوسٹ میں سرفراز احمد کو کیپٹن، لیڈر اور لیجنڈ کے القابات دیے گئے ہیں۔ سر فراز احمد کی شمولیت سے پاکستان چیمپئنز کی ٹیم مزید مضبوط ہو گی۔