پی سی بی نے سہ فریقی سیریز اور چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔
سلیکٹر اسد شفیق کے مطابق ٹیم میں فخرزمان، خوشدل شاہ، سعود شکیل اور فہیم اشرف کی واپسی ہوئی ہے، فخرزمان کے اوپننگ پارٹنر بابراعظم یا سعود شکیل ہوسکتے ہیں۔
سلیکٹر اسد شفیق کے مطابق ہوم کنڈیشنز میں عمدہ کارکردگی کے حامل کرکٹرز کی سلیکشن کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اندازہ ہے کہ صائم ایوب کے لیے چیمپئنز ٹرافی نہ کھیلنا کتنا تکلیف دہ ہے لیکن ہم جلد بازی میں کوئی بھی فیصلہ نہیں کرنا چاہتے۔
قومی ٹیم کے پندرہ رکنی اسکواڈ میں کپتان محمد رضوان، نائب کپتان سلمان علی آغا، بابراعظم، فخر زمان، کامران غلام، سعود شکیل، طیب طاہر، فہیم اشرف، خوشدل شاہ، عثمان خان، ابرار احمد، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، حسنین اور حارث رؤف شامل ہیں۔
اس سے قبل چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا تھا کہ چیمپیئنز ٹرافی کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان آج ساڑھے چھ بجے کیا جائے گا۔
چئیرمین پی سی بی سلیکشن کمیٹی کےہمراہ قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم نے آئی سی سی چیئرمین سمیت تمام بورڈ کو دعوت نامہ دیا ہے،انہوں نے کہا کہ بہت سے مہمانوں کی پاکستان آمد متوقع ہے۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ آئی سی سی پاسز کےحوالے سے ہم نےسرنڈر کیا ہے، چیمپیئنزٹرافی کیلئے تمام ٹیموں کو خوش آمدید کہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہورقذافی اسٹیڈیم میں تماشائیوں کی گنجائش بھی پہلے سے بڑھ گئی ہے، اسٹیڈیم کا افتتاح 7 فروری کو ہو گا ، وزیراعظم افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے جبکہ کراچی اسٹیڈیم کا افتتاح 11 فروری کو صدر آصف علی زرداری کریں گے۔