پاکستان کا پہلا ڈیجیٹل بینک ایزی پیسہ بن گیا، وزیر خزانہ

پاکستان کا پہلا ڈیجیٹل بینک ایزی پیسہ بن گیا، وزیر خزانہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان میں ڈیجیٹل اور مالیاتی شمولیت کے فروغ کیلئے اہم اقدامات کئے گئے ہیں، جن میں ایزی پیسہ کی پاکستان کا پہلا ڈیجیٹل ریٹیل بنک بننے کا سفر شامل ہے۔

وزیر خزانہ نے ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک کو سٹیٹ بینک آف پاکستان سے ڈیجیٹل بینکنگ لائسنس حاصل کرنے پر مبارکباد دی اور اسے پاکستان کے ڈیجیٹلائزیشن سفر کا اہم سنگ میل قرار دیا۔
اسلام آباد میں ایزی پیسہ کی مائیکرو فنانس بنک سے ڈیجیٹل بنک میں منتقلی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ یہ تبدیلی پاکستان کو روایتی کیش لین دین سے ڈیجیٹل معیشت کی طرف منتقلی میں مدد دے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف آغاز ہے اختتام نہیں۔

وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ راست اور نادرا جیسے ڈیجیٹل ادارے پاکستان کی ڈیجیٹل ترقی کے مراکز ہیں، اور ان تمام شعبوں کو جوڑنا پاکستان کے عوام کو بااختیار بنانے اور مالی شمولیت کو فروغ دینے کیلئے بہت ضروری ہے۔

ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک بورڈ کے چیئرمین عرفان وہاب خان نے کہا کہ ڈیجیٹل بینکنگ لائسنس ہمیں مالیاتی خدمات کی فراہمی میں مزید وسعت دینے اور لاکھوں لوگوں کی زندگیوں میں بہتری لانے کے قابل بنائے گا۔

ایزی پیسہ کے ملک بھر میں 5 کروڑ رجسٹرڈ صارفین ہیں، جن میں 31 فیصد خواتین صارفین شامل ہیں۔ 2024 میں ایزی پیسہ کے ذریعے 2.7 ارب ٹرانزیکشنز کی گئیں، جو اس بات کا غماز ہیں کہ پاکستان میں ڈیجیٹل بینکاری کی مقبولیت تیزی سے بڑھ رہی ہے۔

اس اقدام کے ذریعے ایزی پیسہ نے نہ صرف پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کو مزید مستحکم کیا ہے بلکہ مالی شمولیت کے نئے دروازے بھی کھولے ہیں۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *