وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف چیمپئنز ٹرافی اور ترکیہ کے صد ر طیب اردوان کی آمد کے موقع پر احتجاج کرنے سے گریز کرے ۔
تفصیلات کے مطا بق لندن میں پریس کانفرنس کے دوران احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی منفی سیاست کی وجہ سے لوگوں نےان کی پارٹی کا بائیکاٹ کر دیا ہے ۔
عوام کو یہ بات اب سمجھ آگئی ہے کہ ملک کا مستقبل امن اور سیاسی استحکام سے ہی منور ہو گا ۔ انہوں نے پی ٹی آئی کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی 2025کے دوران اور ترکیہ کے صدر اردوان کی آمدپر احتجاج نہ کیا جائے ۔
یہ لوگ احتجاج کا اعلان کر کے پھر ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ وہ پاکستان کے دشمنوں کے اشار وں پر انتشار پھیلاتے ہیں ، ان کو ہمیشہ اہم مواقعوں پر دھرنے اپنے یاد آجاتے ہیں۔ خیال رہے کہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان 12 رکنی وفد کے ہمراہ 12 فروری کو پاکستان پہنچیں گے ۔