پاکستان تحریک انصاف میں اندرونی اختلافات شدت اختیار کر گئے، اہم رہنما عہدے سے مستعفیٰ

پاکستان تحریک انصاف میں اندرونی اختلافات شدت اختیار کر گئے، اہم رہنما عہدے سے مستعفیٰ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں اندرونی اختلافات شدت اختیار کر گئے جہاں سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ اور ایڈیشنل سیکرٹری فردوس شمیم نقوی کےدرمیان سخت جملوں کے تبادلے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں جبکہ خیبر پخٹونخوا میں صوبائی جوائنٹ سیکرٹری انجینئر خائستہ محمد نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے ۔

تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے صوبائی جوائنٹ سیکرٹری انجینئر خائستہ محمد کا کہنا تھا کہ اہم فیصلے کابینہ کو اعتماد میں لیے بغیر کیے جا رہے ہیں اور تنظیمی امور میں کابینہ کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔

انجینئر خائستہ محمد نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ ملاکنڈ ریجن کے عہدیداروں کی تقرری بغیر مشاورت کے کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جب تمام اختیارات ایک ہی فرد کے پاس ہوں تو کابینہ کی حیثیت بے معنی ہو جاتی ہے جبکہ بانی پی ٹی آئی کے نظریے کے مطابق فیصلے اجتماعی ہونے چاہیے۔

انجینئر خائستہ محمد نے پارٹی قیادت پر یہ بھی الزام عائد کیا کہ وہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے حوالے سے سنجیدہ نہیں ہے اور اس ضمن میں کوئی واضح حکمت عملی سامنے نہیں آئی۔ ان وجوہات کی بنا پر انہوں نے پی ٹی آئی کے صوبائی جوائنٹ سیکرٹری کے عہدے سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ انتظامیہ کا بڑا فیصلہ، پاکستان بھی امریکی ایف-16 ریڈار سسٹمز اپ گریڈیشن معاہدے میں شامل

دوسری جانب پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ اور ایڈیشنل سیکرٹری جنرل فردوس شمیم نقوی کے درمیان گزشتہ رات کور کمیٹی کے اجلاس میں تنظیمی معاملات پر سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ بحث اس حد تک بڑھ گئی کہ نوبت تلخ کلامی اور گالم گلوچ تک پہنچ گئی۔

اس واقعے کے بعد سلمان اکرم راجہ نے کور کمیٹی کا گروپ چھوڑ دیا۔ اس تنازعے کا مرکز پارٹی کی تنظیم سازی پر اختلافات تھے۔ پارٹی کے اندر اس صورتحال نے مزید تناؤ پیدا کیا ہے، تاہم ابھی تک قیادت کی جانب سے اس معاملے پر کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔

Related Articles