چین نے اپنا نیا انسانی خلائی مشن شینزو 23 کامیابی سے خلا میں بھیج دیا جس میں سوار تینوں خلا باز کامیابی کے ساتھ تیانگونگ خلائی اسٹیشن پہنچ گئے ہیں۔
چینی میڈیا کے مطابق 203 فٹ بلند لانگ مارچ-2F راکٹ گوبی صحرا میں واقع جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے مقامی وقت کے مطابق رات 11 بج کر 8 منٹ پر روانہ ہوا۔ راکٹ نے خلا بازوں کو کامیابی سے مدار میں پہنچایا جہاں انہوں نے تیانگونگ اسپیس اسٹیشن میں پہلے سے موجود عملے سے ملاقات کی۔
مشن میں کمانڈر ژو یانگژو کے ہمراہ ژانگ ژیوان اور لائی کا-یِنگ شامل ہیں۔ لائی کا یِنگ ہانگ کانگ سے خلا میں جانے والے پہلے خلا باز بن گئے ہیں جسے چین کے خلائی پروگرام کی ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے
چینی حکام کے مطابق شینزو-23 مشن کے تحت خلا باز تقریباً چھ ماہ تک تیانگونگ اسپیس اسٹیشن میں قیام کریں گے۔ اس مشن کی خاص بات یہ بھی ہے کہ پہلی بار ایک خلا باز کو ایک سال تک خلا میں رہنے کا موقع دیا جا رہا ہے تاکہ طویل المدتی خلائی تحقیق کو مزید آگے بڑھایا جا سکے۔
چینی خلائی حکام نے بتایا کہ آئندہ شینزو-24 مشن کے تحت ایک پاکستانی خلا باز کو بھی مختصر مدت کے لیے تیانگونگ اسپیس اسٹیشن بھیجا جائے گا جو پاکستان اور چین کے خلائی تعاون میں ایک اہم سنگِ میل سمجھا جا رہا ہے۔