صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے عالمی برادری پر زوردیاہے کہ وہ بھارت پر دبائو ڈالے کہ وہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کے لئے کشمیری عوام کو آزادانہ طور پر اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کرنے کی اجازت دے۔
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر صدر مملکت اور وزیراعظم پاکستان نے اپنے اپنے پیغامات جاری کر دیئے۔
صدرمملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال سنگین ہے، بھارت کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق اور آزادیوں سے محروم کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیری عوام کو شدید ریاستی جبر اور تشدد کا نشانہ بنا رہا ہے، اقوام متحدہ کشمیریوں سے 77 سال قبل کئے وعدوں کا احترام کرے، پاکستان ہمیشہ اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا پیغام
وزیراعظم شہباز شریف کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ حق خود ارادیت عالمی قانون کا ایک بنیادی اصول ہے، کشمیری خوف اور دہشت کے ماحول میں جی رہے ہیں، دیرینہ تنازعات کو مزید طول نہیں دیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں کی حقیقی امنگوں کو دبا کر دیرپا امن حاصل نہیں کیا جا سکتا، جموں و کشمیر کا تنازعہ ہماری خارجہ پالیسی کا ایک اہم ستون رہے گا، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے مفاد میں عالمی برادری کو بھارت پر زور دینا چاہیے کہ وہ کشمیری عوام کو آزادانہ طور پر اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کی اجازت دے۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ میں اس موقع پر بہادر کشمیری عوام کے عزم اور حوصلے کو سلام پیش کرتا ہوں، جو اپنے بنیادی حقوق اور آزادیوں کے حصول کیلئے اپنی جدوجہد میں لاتعداد قربانیاں دے رہے ہیں۔
پاک فوج کا پیغام
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، مسلح افواج کے سربراہان اور پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں ان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی جاری سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتی ہیں ، بھارت کی جانب سے یہ خلاف ورزیاں عالمی قوانین، انسانی اصولوں اوربنیادی انسانی حقوق سے انحراف کے واضح ثبوت ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ نہتے کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے، پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے جائز حقوق کی جدوجہد کی ہر فورم پر حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کا غیر قانونی قبضہ کشمیری عوام کی آزادی کے راستے میں رکاوٹ ہے، پاکستان اقوام متحدہ کے ذریعے کشمیر کے مسئلے کا حل چاہتا ہے، پاکستانی حکومت اور عوام کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے، پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کی آواز بن کر ان کی جدو جہد کا حصہ رہے گا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا حق حاصل ہے، کشمیر کا مسئلہ صرف کشمیریوں کا مسئلہ نہیں بلکہ پورے خطے کا مسئلہ ہے، مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر علاقے میں پائیدار امن کا خواب حقیقت میں نہیں بدل سکتا۔
واضح رہے کہ یوم یکجہتی کشمیر آج منایا جارہاہے جس کا مقصد پاکستانی قوم کی جانب سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی بھرپور حمایت کا اظہار کرنا ہے۔