ایل پی جی سرکاری قیمت کی بجائے مہنگے داموں فروخت ہونے لگی۔
تفصیلات کے مطابق بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ایل پی جی کی قیمتوں میںبھی ہوشربا اضافہ ہوگیا۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں ایل پی جی سرکاری قیمت پر دستیاب نہیں اور اس کی قیمت 254 روپے فی کلو کی بجائے 300 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔
لاہور کے علاقے گلبرگ، کینٹ، شمالی لاہور اور ملتان روڈ سمیت دیگر علاقوں میں گراں فروشی کا سلسلہ جاری ہے، جہاں ایل پی جی کو سرکاری قیمت سے زائد پر فروخت کیا جارہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگی ایل پی جی خریدنے سے ان کی معاشی حالت پر بُرا اثر پڑ رہا ہے اور وہ مجبوراََ مہنگی ایل پی جی خرید رہے ہیں۔
یاد رہے کہ ماہ فروری کیلئے ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ ماہ فروری کیلئے ایل پی جی کا گھریلو سلینڈر 43 روپے 52 پیسے مہنگا کر دیا گیا۔ ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 3 روپے 68 پیسے کا اضافہ ہوگیا۔
11.8 کلو کا گھریلو سلینڈر 2996 روپے 88 پیسے کا کر دیا گیا۔ فروری کیلئے ایل پی جی کی فی کلو قیمت 253 روپے 97 پیسے مقرر ہوگئی۔ اوگرا نے ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔