پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے غیرقانونی سمز کے اجرا کی روک تھام کیلئے قوانین مزید سخت کر دیے ہیں۔
پی ٹی اے کے نئے فیصلے کے مطابق اب کسی نئی فعال سم کو ایک سال مکمل ہونے سے پہلے اپنے نام سے ختم یا منتقل نہیں کیا جا سکے گا۔ اس کے علاوہ سم اپنے نام سے ہٹانے کی مدت بھی 60 دن سے بڑھا کر 365 دن کر دی گئی ہے۔
اتھارٹی نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ بائیو میٹرک تصدیق کے دوران مکمل احتیاط برتیں اور وقتاً فوقتاً اپنے شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ سمز کی تفصیلات چیک کرتے رہیں تاکہ کسی بھی غیرمجاز سم کے اجرا سے بچا جا سکے۔
پی ٹی اے کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی مشکوک یا غیرقانونی سم رجسٹریشن کے بارے میں معلومات ملیں تو فوری طور پر متعلقہ موبائل آپریٹر کو آگاہ کیا جائے۔
اتھارٹی نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے شناختی کارڈ پر صرف اپنی زیرِ استعمال سمز ہی رجسٹرڈ رکھیں تاکہ شناختی معلومات کے غلط استعمال سے بچا جا سکے۔