جناح ہاؤس حملہ کیس میں علیمہ خان اور عظمیٰ خان بے قصور قرار، درخواست ضمانت واپس لے لی

جناح ہاؤس حملہ کیس میں علیمہ خان اور عظمیٰ خان بے قصور قرار، درخواست ضمانت واپس لے لی

لاہور کی انسداد دہشتگری عدالت نے سانحہ 9 مئی جناح ہاؤس حملہ کیس میں عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمی خان کو بے قصور قرار دے دیا ، علیمہ خان اور عظمیٰ خان نے جناح ہاؤس کیس میں درخواست ضمانتیں واپس لے لیں۔

تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں جناح ہاؤس حملہ کیس کی سماعت میں تفتیشی افسر نے بانی  پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو بے قصور قرار دے دیا۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ علیمہ خان اور عظمی خان کے خلاف تفتیش مکمل ہے، علیمہ خان اور عظمی خان جناح ہاؤس کیس میں بے قصور ہیں، ان کی جناح ہاؤس کیس میں گرفتاری درکار نہیں، تفتیشی افسر کے بیان کے بعد علیمہ خان اور عظمی خان نے جناح ہاوس کیس میں درخواست ضمانتیں واپس لے لیں۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل کے وارنٹ گرفتاری جاری

یاد رہے کہ 9 مئی 2023 کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا ، اس دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا جبکہ اس دوران کم از کم 8 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے اور 290 زخمی ہوئے تھے۔

مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔

 بعدازاں  ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جبکہ عمران خان اور ان کی پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال 21 دسمبر کو جناح ہاؤس سمیت سانحہ 9 مئی میں ملوث 25 مجرمان کو فوجی عدالتوں سے 10 سال قید بامشقت تک کی سزائیں سنادی گئیں تھیں۔

بعد ازاں، 26 دسمبر کو 9 مئی 2023 میں ملوث عمران خان کے بھانجے حسان نیازی سمیت مزید 60 مجرمان کو 10 سال تک قید بامشقت کی سزائیں سنائی گئی تھیں۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *