سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید شیخ کا انتقال ہوگیا۔
سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس (ر) عظمت سعید شیخ لاہور میں انتقال کر گئے۔ اہل خانہ کے مطابق وہ کچھ عرصے سے علیل تھے اور اسپتال میں زیر علاج تھے۔
جسٹس عظمت سعید شیخ 2012 سے 2019 تک سپریم کورٹ آف پاکستان میں بطور جج خدمات انجام دیتے رہے۔ سپریم کورٹ میں تعیناتی سے قبل وہ لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر بھی فرائض سرانجام دے چکے تھے۔
جسٹس (ر) عظمت سعید شیخ پانامہ لیکس کیس سمیت کئی اہم مقدمات کی سماعت کرنے والے بینچ کا حصہ رہے۔ جسٹس عظمت سعید نے اپنے قانونی کیرئیر کا آغاز 1978 میں راولپنڈی سے کیا تھا۔ انہوں نے 1980 میں لاہور میں اپنی پریکٹس شروع کرنے سے قبل مختلف قانونی چیمبرز میں کام کرتے ہوئے تجربہ حاصل کیا۔
1981 میں وہ لاہور ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ آف پاکستان کے ایڈووکیٹ کے طور پر شامل ہوئے۔ یکم جون 2012 کو انہوں نے سپریم کورٹ کے مستقل جج کے طور پر حلف اٹھایا، جس کی صدارت اس وقت کے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کی۔ جولائی 2019 میں جسٹس (ر) عظمت سعید نے قائم مقام چیف جسٹس آف پاکستان کا عہدہ بھی سنبھالا تھا۔
ان کی وفات سے قانونی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ۔ جسٹس عظمت سعید شیخ اپنے پیچھے ایک شاندار قانونی میراث اور بے مثال خدمات چھوڑ گئے ہیں۔