قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سٹار بلے باز بابر اعظم نے ون ڈے کرکٹ میں 6 ہزار رنز مکمل کرلیے ہیں۔
بابر اعظم نے یہ سنگ میل کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں سہہ ملکی سیریز کے فائنل میچ میں نیوزی لینڈ کیخلاف بیٹنگ کرتے ہوئے 10 واں رن بنا کر عبور کیا۔اس کے ساتھ ہی بابر اعظم تیز ترین 6 ہزار رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں، اور انہوں نے یہ کارنامہ 123 اننگز میں مکمل کیا، جس سے وہ ہاشم آملہ کے ریکارڈ کے ہم پلہ ہوگئے ہیں۔
بابر اعظم تیز ترین 6 ہزار رنز بنانے والے ایشین کھلاڑی بھی بن گئے ہیں، کیونکہ بھارت کے ویرات کوہلی نے 136 اننگز میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔علاوہ ازیں بابر اعظم چھ ہزار ون ڈے رنز بنانے والے گیارہویں پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔
بابر اعظم سے قبل انضمام الحق، محمد یوسف، سعید انور، شاہد آفریدی، شعیب ملک، جاوید میانداد، یونس خان، سلیم ملک، محمد حفیظ اور اعجاز احمد بھی یہ کامیابی حاصل کرچکے ہیں۔