اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) نے صارفین کیلئے نئے میٹرز کی فیسوں میں اضافہ کر دیا، جس سے شہریو ں کو مزید مالی بوجھ کا سامنا کرنا پڑے گا۔
رپورٹس کے مطابق سنگل فیز میٹر کی قیمت جو پہلے 11 ہزار روپے تھی، اب بڑھا کر 35 ہزار روپے کر دی گئی ہے جبکہ تین فیز میٹر کی فیس 85 ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے۔ آئیسکو کے ان علاقوں جہاں اے ایم آئی منصوبہ نافذ ہو چکا ہے، وہاں نئے میٹرز کی درخواستیں اسی نئی فیس کے تحت قبول کی جائیں گی۔
خاص طور پر راولپنڈی، پنڈی کینٹ اور ٹیکسلا کے بجلی صارفین پر یہ اضافی فیس فوری طور پر لاگو ہو گی۔ یاد رہے کہ اے ایم آئی منصوبہ ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے تعاون سے شروع کیا گیا تھا، جس میں میٹرز کی تنصیب بھی شامل تھی۔ تاہم اب آئیسکو بورڈ نے میٹرز کی لاگت صارفین پر منتقل کر دی ہے۔