120 ممالک کیلئے ویزا آن آرئیول کی سہولت کیلئے موبائل ایپ لانچ کردی گئی

120 ممالک کیلئے ویزا آن آرئیول کی سہولت کیلئے موبائل ایپ لانچ کردی گئی

پاکستان نے 120 ممالک کے شہریوں کے لیے ویزا آن آرائیول کی سہولت کو مزید بہتر بناتے ہوئے ایک نئی موبائل ایپلی کیشن متعارف کروائی ہے، جس کے ذریعے ویزا کی درخواست، اسٹیٹس چیک اور دیگر متعلقہ خدمات کو آسانی سے حاصل کیا جا سکے گا۔

نادرا کے زیرِانتظام تیار کی گئی ’پاک آئی ڈی‘ایپلی کیشن کے ذریعے اب پاکستان آن لائن ویزا سسٹم کو استعمال کرتے ہوئے بزنس اور ٹورسٹ ویزا کی درخواستیں جمع کروائی جا سکیں گی۔ ایپ میں فیس ریڈنگ، پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات کو آسانی سے اپ لوڈ کرنے کے فیچرز بھی شامل کیے گئے ہیں، جو ویزا حاصل کرنے کے عمل کو تیز اور موثر بنائیں گے۔

مزید پڑھیں: نادرا نے ’ب فارم‘ منسوخی سے متعلق خبروں پر وضاحت جاری کردی

یاد رہے کہ گزشتہ سال حکومت نے 126 ممالک کے شہریوں کے لیے ویزا فری انٹری کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت کاروباری اور سیاحتی مقاصد کے لیے آنے والوں کو ویزا فیس ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ وزیراعظم شہباز شریف کے مطابق، یہ اقدام دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے اور ملک میں سیاحت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

نئی موبائل ایپ کے ذریعے نہ صرف ویزا کی درخواستوں کا عمل تیز ہوگابلکہ اس سے پاکستان میں آنے والے سیاحوں اور سرمایہ کاروں کے لیے بھی سہولت میں اضافہ ہوگا۔ حکومت کا یہ قدم پاکستان کو عالمی سطح پر ایک ترجیحی منزل بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت سمجھا جا رہا ہے۔

اس سے قبل بھی حکومت نے ویزا پالیسی میں کئی اصلاحات متعارف کروائی تھیں، جن کا مقصد بیرونی ممالک سے تعلقات کو بہتر بنانا اور ملک میں سیاحت اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا تھا۔ نئی موبائل ایپ کے اجراء کے بعد اب یہ عمل مزید شفاف اور آسان ہو جائے گا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *