سعودی عرب نے پاکستان کو مؤخر ادائیگی پر پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے آگاہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کے حوالے سے مؤخر ادائیگی کی بنیاد پر سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کی جانب سے مزید ایک سال کے لیے 100 ملین ڈالر ماہانہ فراہمی کی تجدید کر دی ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم نے سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان کی طرف سے انہیں بھیجے گئے خط کے حوالے سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اس حوالے سے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور سعودی قیادت کے تہہ دل سے مشکور ہیں، ہر مشکل گھڑی میں سعودی عرب پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ممالک پاکستانی مشنز میں خدمات کی فراہمی کے حوالے سے تمام نظام کی ڈیجیٹائز یشن کی جائے تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو خدمات کی فراہمی میں آسانی پیدا ہو سکے۔
وزیراعظم نے ہدایت دی کہ وفاقی حکومت کی تمام وزارتوں اور محکموں میں ای آفس کا نفاذ 20 مارچ 2025 تک 100 فیصد مکمل کیا جائے۔