بلوچستان میں بارش اور برفباری کا دوسرا موسمی سلسلہ آج سے اثرانداز ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے کئی علاقوں میں بارش ہوگی جبکہ پہاڑی مقامات پر ہلکی برفباری کی توقع ہے۔ سندھ کے ساحلی علاقوں میں جزوی ابر آلود مطلع اور بوندا باندی کے امکانات ہیں۔
موسمیاتی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ 24 فروری سے بلوچستان اور سندھ پر ایک غیرمعمولی برفیلے موسمی سلسلے کے اثرات مرتب ہوں گے، جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوگی۔ گزشتہ روز بارش اور برفباری کے بعد ملک کے بیشتر حصوں میں آج موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسمی تبدیلیوں سے آگاہ رہیں اور ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں سفر کرنے والے افراد۔
دوسری جانب ہفتہ کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹے کا موسم ملک کے بیشتر ر علاقوں میں موسم خشک رہا۔ تاہم شمال مشرقی پنجاب، گلگت بلتستان اور شمال مغربی بلوچستان میں چند مقامات پر بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش (ملی میٹر): بلوچستان: کوئٹہ (سمنگلی 17، سٹی 06)، قلات 04، پنجاب: راولپنڈی (چکلالہ 07)، نارووال 02، جھنگ 01، گلگت بلتستان: گوپس میں 02ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
آج ریکارڈ کئے گئے کم سےکم درجہ حرارت: لہہ منفی05، کالام منفی 04، پاڑا چنار ، مالم جبہ منفی03،قلات، راولا کوٹ اور مری میں منفی 02 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔