کراچی میں رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عوام کی سہولت کے پیش نظر دودھ اور دہی کی قیمتیں مقرر کردی گئی ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق بھینس کے دودھ کی قیمت 6 فیصد فیٹ کے ساتھ 220 روپے فی لیٹر اور 5 فیصد فیٹ کے ساتھ 190 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح، گائے کے دودھ کی قیمت 4 فیصد فیٹ کے ساتھ 190 روپے فی لیٹر رکھی گئی ہے۔
دہی کی قیمتوں کے حوالے سے انتظامیہ نے بتایا کہ اے پلس کیٹیگری کی دہی کی قیمت 240 روپے فی کلو اور اے کیٹیگری کی دہی کی قیمت 210 روپے فی کلو ہوگی۔ یہ قیمتیں یکم رمضان سے نافذ العمل ہوں گی۔
انتظامیہ نے دکانداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ نرخ نامے کو دکانیں کی واضح جگہ پر آویزاں کریں تاکہ عوام کو قیمتوں کے بارے میں شفافیت فراہم کی جاسکے۔
خیال رہے کہ رمضان المبارک سے قبل ہی منافع خوروں نے کئی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کر دیا ہے۔پھلوں، دالوں، بیسن، مشروبات اور دیگر ضروری اشیا کی قیمتیں بے تحاشہ بڑھ چکی ہیں۔